‏صفحہ اول ،لائف سٹائل لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
‏صفحہ اول ،لائف سٹائل لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

جمعرات، 22 جون، 2017

پنجاب کی خوبصورت کھنڈوعہ جھیل کی سیر کریں


پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ایک خوبصورت ملک ہے اور اس کا یہ حسن صرف شمالی علاقہ جات تک محدود نہیں، پورے ملک میں جا بجا قدرت کے حسین نظارے بکھرے پڑے ہیں۔
چاہے سندھ کے صحرا ہوں، بلوچستان کی سنگلاخ پہاڑیاں ہوں، یا پنجاب کے لہلہاتے کھیت، سب ہی کچھ نہایت حسین اور قدرت کی خوبصورت صناعی کا عکاس ہے، اور خیبر پختونخواہ کے علاقے تو دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی اور منفرد محل وقع کی وجہ سے مشہور ہیں۔
پاکستان میں خوبصورت قدرتی مقامات کی بہتات کا یہ عالم ہے کہ ابھی تک کئی ایسے مقامات ہیں جو نظروں میں نہیں آسکے جس کی وجہ سے انہیں باقاعدہ سیاحتی مقام قرار نہیں دیا جاسکا ہے۔
انہی میں سے ایک پنجاب کی سوائیک جھیل بھی ہے جسے عام طور پر کھنڈوعہ جھیل کے نام سے پکارا جاتا ہے۔
کھنڈوعہ ضلع چکوال اور تحصیل کلر کہار کا ایک خوبصورت پر فضا مقام ہے جہاں ایک خوبصورت جھیل اور سیر گاہ بھی ہے۔
یہ کلر کہار سے 8 کلو میٹر، چکوال سے 36 کلومیٹر، اور اسلام آباد سے 114 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس مقام تک لاہور اور اسلام آباد کو ملانے والی ایم 2 موٹر وے پر سفر کر کے پہنچا جا سکتا ہے۔
پہاڑیوں کے درمیان میں چھپی اس جھیل تک پہنچنے کے لیے آپ کو ذرا اونچائی کا سفر کرنا ہوگا اور یہ سفر نہایت حسین مناظر پر مشتمل ہوگا۔

سرسبز پہاڑیوں کے بیچ جھیل کا شفاف پانی دیکھ کر آپ خود کو کسی اور ہی جہاں میں محسوس کریں گے۔                

جھیل میں ایک قدرتی آبشار بھی موجود ہے جس کے ٹھنڈے پانیوں میں نہانا یقیناً زندگی کا شاندار لمحہ ہوگا۔
یہاں آنے والے افراد کلر کہار میں قیام کرتے ہیں اور دن کے اوقات میں جھیل پر آتے ہیں جہاں وہ ڈائیونگ اور تیراکی سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔
پھر اگلی تعطیلات میں آپ بھی جارہے ہیں اس خوبصورت مقام پر؟

اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں
arynews.tv:بشکریہ

مردانہ لباس میں ان غلطیوں سے بچیں


کسی شخص سے ملتے ہوئے پہلا تاثر اس کی ظاہری شخصیت کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے۔ ابتدا میں کسی شخص کو دیکھ کر ہی اس کے لیے خوشگوار یا ناگوار تاثر ابھرتا ہے اور اس میں سب سے بڑا ہاتھ لباس اور حلیے کا ہوتا ہے۔ اس کے بعد اس کی بات چیت، خیالات، انداز نشست و برخاست کو پرکھنے کا موقع آتا ہے۔
اس نظریے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا لباس اور ظاہری حلیہ آپ کی شخصیت کا تاثر بہتر یا بدتر بنائیں گے۔
ایسا اس لیے بھی ضروری ہے کہ بعض جگہوں پر جانے یا بعض شخصیات سے ملنے کا موقعہ بار بار نہیں ملتا اور پہلا موقعہ ہی آخری موقع ہوتا ہے۔ تو اس پہلے موقعہ پر جو تاثر قائم ہوگا وہ ساری عمر رہے گا، لہٰذا شخصیت پر کام کرنے والے ماہرین اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پہلے تاثر کو خوشگوار ہونا چاہیئے۔
لیکن بعض مرد حضرات اپنا پہلا تاثر نہایت خراب قائم کرتے ہیں۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنے لباس کے چناؤ یا اسے پہننے کے ڈھنگ میں ایسی غلطی کرجاتے ہیں جو ان کے بد تہذیب یا کم علم ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
آپ جب بھی کسی خاص موقعہ یا کسی اہم شخصیت سے ملاقات کے لیے جائیں، یا عام زندگی میں بھی اپنی ظاہری شخصیت کو بہتر طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں تو لباس کی ان غلطیوں سے بچیں۔

:ٹائی                               

ٹائی کی لمبائی ہمیشہ اتنی ہو کہ وہ بیلٹ کو چھوئے۔ بیلٹ سے بہت اونچی یا نیچی ٹائی پہننا مردانہ فیشن کی دنیا میں مناسب خیال نہیں کیا جاتا۔
11

:کوٹ کا تیسرا بٹن                      

کوٹ کا تیسرا بٹن ہمیشہ کھلا رکھیں۔ تیسرا اور آخری بٹن بند رکھنا آپ کو تہذیب سے نا واقف ظاہر کرسکتا ہے۔
22

:آستین پر برانڈز کا لیبل                    

اکثر برانڈز آستین پر اپنا لیبل لگاتے ہیں۔ یہ لیبل بآسانی ہٹایا جاسکتا ہے۔ لباس پہننے سے پہلے اسے ہٹانا مت بھولیں، ورنہ اس سے ظاہر ہوگا کہ آپ نے زندگی میں پہلی بار کوئی برانڈڈ سوٹ پہنا ہے۔
33

:پینٹ کی لمبائی                         

ایک پروفیشنل اور تہذیب یافتہ رکھ رکھاؤ ظاہر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی پینٹ سیدھے انداز سے جوتوں کو چھو رہی ہو۔ نہ یہ زیادہ اونچی ہو جو ٹخنے نظر آئیں اور نہ یہ زیادہ لمبی ہو جو جوتے کی ایڑھیوں میں پھنسے۔
دونوں صورتوں میں یہ آپ کو لباس کے آداب سے ناواقف شخص ظاہر کرے گی۔
55

:کوٹ کی فٹنگ                       

کوٹ کی فٹنگ آپ کی جسامت کے لحاظ سے مناسب ہونی چاہیئے۔ نہ یہ زیادہ تنگ ہو کہ کوٹ پھنسا ہوا محسوس ہو، اور نہ یہ زیادہ ڈھیلا ہو جو یہ جسم سے گرتا ہوا محسوس ہو۔
44
تصاویر بشکریہ: کردست کارپوریشن

اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں
arynews.tv:بشکریہ

اتوار، 18 جون، 2017

کارٹونز میں چھپا انسانی نفسیات کا اہم سبق


کیا آپ نے ’جادو کی جھپی‘ کے بارے میں سنا ہے؟
فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے ذریعے یقیناً آپ نے اس لفظ سے واقفیت حاصل کرلی ہوگی۔ فلم میں دکھایا جاتا ہے کہ کس طرح منا بھائی کا کردار ادا کرنے والے سنجے دت مختلف لوگوں کو گلے لگا کر ان کو زندگی کی جدوجہد کا حوصلے سے سامنا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق قریبی رشتوں جیسے والدین، بہن بھائی، شریک حیات یا دوستوں سے گلے لگنا دماغی و جسمانی طور پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ طبی ماہرین نے باقاعدہ ریسرچ سے ثابت کیا کہ پریشانی اور ڈپریشن میں کسی عزیز کے گلے لگنا دماغی تناؤ میں کمی کرتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ اعصاب کو پرسکون، جسمانی تکالیف میں کمی، امراض قلب میں کمی اور قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ گلے لگنا دو افراد کے رشتہ کے درمیان قربت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
یہی بات ہمیں ڈزنی موویز میں بھی نظر آتی ہے جو بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہیں۔ فلم کے آخر میں تمام مسئلے مسائل ختم ہونے کے بعد کردار آپس میں گلے ملتے ہیں جس کے بعد ان کے رشتوں میں اور بھی مضبوطی پیدا ہوجاتی ہے۔
یہاں ہم آپ کو ڈزنی موویز کی ان مشہور جھپیوں کے بارے میں بتائیں گے جو ہماری زندگی میں بھی ہمارے رشتوں کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

:فروزن                               

2
دو بہنوں کی محبت پر مشتمل ڈزنی مووی ’فروزن‘ میں بڑی بہن ایلسا ایک جادوئی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے جو جس چیز کو چھو لے اسے برف کا بنا دیتی ہے۔ فلم میں وہ اپنی محبت کرنے والی چھوٹی بہن انا کو بھی چھو لیتی ہے جس کے بعد وہ آہستہ آہستہ برف میں تبدیل ہونے لگتی ہے۔
دیگر کردار اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جب تک انا کو کوئی محبت کرنے والا گلے نہیں لگائے گا وہ اپنی اصل حالت میں واپس نہیں آئے گی اور مستقل برف کا بنے رہنے کے باعث بالآخر مر جائے گی۔
بالکل آخر وقت میں ایلسا وہاں پہنچ جاتی ہے اور روتے ہوئے بہن کو گلے لگالیتی ہے جس کے بعد انا جاگ جاتی ہے اور اس پر سے برف کا اثر ختم ہوجاتا ہے۔ فلم میں بہنوں کی محبت کی معنویت اور گہرائی کو پیش کیا گیا ہے۔

:فائنڈنگ نیمو                           

4
باپ اور بیٹے کی محبت کی کہانی پر مشتمل ’فائنڈنگ نیمو‘ میں نیمو نامی ایک مچھلی کو شکاری پکڑ لیتے ہیں جس کے بعد اس کا باپ مارلن اسے ڈھونڈنے کے لیے پورے سمندر کی خاک چھان ڈالتا ہے۔
ان تھک جدوجہد اور بے شمار خطرات کا سامنا کرنے کے بعد وہ بالآخر اپنے بیٹے کو ڈھونڈنے اور اسے قید سے رہائی دلانے میں کامیاب رہتا ہے۔ اس موقع پر دونوں باپ بیٹے کا جذباتی انداز میں گلے لگنا دیکھنے والوں کے دلوں کو موم کردیتا ہے۔

:مانسٹر انک                                     

1
فلم ’مانسٹر انک‘ خوفناک صورتوں والی عفریت کی کہانی ہے جس میں ایک بچی بو اپنے گھر سے بھاگ کر اتفاقاً ایک مانسٹر جیمز سلون سے جا ملتی ہے۔  دونوں کے درمیان گہری دوستی کا رشتہ قائم ہوجاتا ہے۔ آخر میں مانسٹر بحفاظت بو کو اس کے گھر پہنچا دیتا ہے۔

:لائن کنگ                                

5
ہم میں سے ہر شخص نے اپنے بچپن میں مشہور فلم ’لائن کنگ‘ ضرور دیکھی ہوگی۔ عزم و ہمت اور سمبا کی جدوجہد پر مبنی کہانی میں مختلف کردار ایک دوسرے کو گلے لگاتے اور اپنے رشتے کو مضبوط بناتے دکھائی دیتے ہیں۔

:ونی دا پوہ                             

3
فلم ’ونی دا پوہ‘ میں یہ زرد بھالو اپنی سب سے پسندیدہ چیز شہد کو گلے لگاتا ہوا نظر آتا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ صرف شہد کو کھانے کے چیز نہیں سمجھتا بلکہ اسے اپنی زندگی کا اہم حصہ خیال کرتا ہے۔
تو پھر کیا خیال ہے آپ کا؟ آپ نے کتنی بار جادو کی جھپی کو مؤثر پایا۔
arynews.tv:بشکریہ

جمعہ، 16 جون، 2017

ایسی دادی جو بوڑھی ہونے کو تیار نہیں


ہمارے ہاں دادی یا نانی کا نام لیتے ہیں ذہن میں ایک ایسی خاتون کا تصور اجاگر ہوتا ہے جو کہ ضعیف ہوں اور ان کا اندازِ زندگی بے حد سادہ ہو لیکن سربیا سے تعلق رکھنے والی انتہائی خوبرو ماڈل دادی نے سوشل میڈیا پر ہل چل مچا رکھی ہے۔

سربیا سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ زیکلینا ہیں ایک فیشن بلاگر اورانسٹاگرام ماڈل بھی ہیں اور دادی بھی ۔ زیکلینا نے اپنے منفرد انداز اور دلکشی کے باعث سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے، ان کا اسٹائل اور خوبصورتی نوجوان ماڈلز کو بھی مات دیتی ہے۔ حسین دادی کی دوعدد پوتیاں ہیں۔
زندگی کے کئی برس پولینڈ،سوئٹزرلینڈ اور فرانس سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں گزارنے والی زیکلینا آج کل اٹلی میں رہائش پزیرہیں۔ ان ممالک کے کلچر کی جھلک زیکلینا کی تصاویر میں بھی دکھائی دیتی ہے۔ فیشن بلاگنگ کے علاوہ خوبصورت دادی کا مشغلہ سیرو سیاحت ہے ۔

انسٹا گرام پر زیکلینا کے فالوورز کی تعداد تین لاکھ چھتیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور اان کے مداح ان کے فیشن اور اسٹائل کے بے حد دلدادہ ہیں۔
انتہائی گلیمرائزڈ زندگی گزارنے کے باوجود زیکلینا کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی کے سب سے خوبصورت لمحے وہ ہوتے ہیں جو وہ اپنی 28 سالہ بیٹی اور اس کی دو بیٹیوں کے ساتھ گزارتی ہیں۔
زیکلینا کی زندگی میں صرف خوشیا ں ہی نہیں ہیں بلکہ غم بھی ہیں ان کا جواں سال بیٹا اسٹیفن گزشتہ سال کرسمس کے موقع پر سربیا کے دارالحکومت بلغاریہ میں ایک کار حادثے کے نتیجے میں اپنی جان کی بازی ہارگیا تھا۔
فیشن ماڈل یقین رکھتی ہیں کہ لائف اسٹائل اور فیشن عمر کا محتاج نہیں ہے اور آپ عمر کےکسی بھی حصے میں اپنی خوبصورتی ‘ نفاست اور اعلیٰ ذوق کااظہار کرکےدنیا بھر میں اپنے مداح پیدا کرسکتے ہیں۔

اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔
   arynews.tv:بشکریہ